Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں مسلسل 12 ون ڈے میچوں میں شکست کے بعد قومی ٹیم پہلی جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ متحدہ عرب امارات میں جاری تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں کامیابی کے ساتھ پاکستان کا چار سال کا انتظار ختم ہوا۔ پاکستان نے اس سے قبل 14 دسمبر 2014 کو شارجہ اسٹیڈیم میں کیوی ٹیم کے خلاف ون ڈے میچ میں جیت اپنے نام کی تھی۔
دوسرے میچ میں کیوی کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ٹیم کیلئے نقصان دہ ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا سکی جس میں روس ٹیلر کے 86 رنز شامل تھے۔ شاہین آفریدی نے چار کیوی بیٹسمینوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کو پراعتماد آغاز ملا لیکن امام الحق انجرڈ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔
پاکستان نے 210 رنز کا ہدف باآسانی 41 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ فخر زمان اور بابر اعظم نے بالترتیب 88 اور 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔ سیریز کا فیصلہ کن میچ کل دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔