کمنٹیٹر اور سابق کاؤنٹی کرکٹر مارک نکولس نے دوسرے ٹیسٹ میں بابر اعظم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا یہ افسوس کا مقام ہے کہ بابر اعظم جیسے باصلاحیت کرکٹر کو ٹیل اینڈرز (آخری نمبرز پر بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی) کے ساتھ بیٹنگ کرنا پڑتی ہے۔ انھوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ بابر اعظم کو اوپر والے نمبرز پر بیٹنگ کرائی جائے۔ پہلے ٹیسٹ میچ بھی مارک نکولس نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے تھا کہ بابر اعظم نے آؤٹ کلاس بیٹنگ کی ہے اور ڈیل اسٹین کو بےبس کر دیا۔ معروف کمٹیٹر نے کہا تھا کہ ان کی بیٹنگ میں مجھے اے بی ڈویلیئرز اور ویرات کوہلی نظر آئے، ان کی یہ پرفارمنس کسی بھی طرح ان دونوں کھلاڑیوں سے کم نہیں تھی۔ یاد رہے کہ بابر اعظم نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 71 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس میں 15 چوکے شامل تھے جبکہ دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 15 چوکوں کی مدد سے 72 رنز اسکور کیے تھے۔