Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چوتھا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا۔ بھارت، آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی۔ سڈنی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی ٹیم فالو آن کا شکار تھی اور اسے اپنی دوسری اننگز بغیر کسی وکٹ پر چھ رنز سے شروع کرنا تھی تاہم مسلسل بارش کے باعث پانچویں روز کا کھیل ممکن نہ ہو سکا اور چوتھا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔
بھارت نے پہلی اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 622 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تھی۔ چتیشور پجارا نے 193 اور ریشب پانٹ نے 159 رنز بنائے تھے۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 300 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور فالو آن کا شکار ہو گئی۔ چار ٹیسٹ میچز میں 521 رنز بنانے والے چتیشور پجارا مین آف دی سیریز قرار پائے۔
اس جیت سے قبل بھارت، آسٹریلیا میں 11 ٹیسٹ سیریز کھیل چکا تھا جس میں سے آٹھ میں اسے شکست ہوئی اور تین سیریز ڈرا رہی تھیں۔ اس مرتبہ ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم پہلی مرتبہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ بھارتی ٹیم جنوبی افریقہ کے علاوہ اب تمام ملکوں میں ٹیسٹ سیریز جیت چکی ہے۔