Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

قومی ٹیم کے سینیئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ساؤتھ افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ ساؤتھ افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز اسکور کیے۔ ہاشم آملہ ناقابل شکست 108 اور راسی وین ڈر ڈیوسن 93 رنز بنا کر نمایاں بلےباز رہے۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں اچھا آغاز کیا لیکن 45 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان غیرذمہ دارانہ شارٹ کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم 49، امام الحق 86 اور شعیب ملک 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ کپتان سرفراز احمد صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ 5 وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ اور شاداب خان ڈٹے رہے۔
محمد حفیظ نے 63 گیندوں پر 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان بھی 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان نے 267 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر کے میچ میں پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
قومی ٹیم کی اس فتح کے ساتھ پاکستان کا پورٹ ایلزبتھ کے میدان پر شاندار ریکارڈ بھی برقرار رہا۔ پاکستان نے اس میدان پر 5 ون ڈے میچز کھیل کر چار میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔