اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین لیوک رونکی نے ابھی تک پاکستان سپر لیگ کا صرف ایک سیزن کھیلا ہے اور انھوں نے اپنی ٹیم کو دوسرا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ گزشتہ سیزن میں لیوک رونکی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے 11 میچز کھیلتے ہوئے 43.50 کی اوسط سے 435 رنز بنائے جس میں پانچ نصف سنچریاں بھی شامل تھیں اور ان کا بہترین اسکور 94 رنز ناٹ آؤٹ رہا۔ پی ایس ایل کے پہلے تین ایڈیشنز میں زیادہ مرتبہ مین آف دی میچ جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست کو دیکھا جائے تو لیوک رونکی کم میچز کھیل کر زیادہ مین آف میچز کا ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑی ہیں۔ وہ صرف 11 میچز میں پانچ مرتبہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اس فہرست میں مشترکہ طور پر دوسرا نمبر پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر محمد نواز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر محمد سمیع کا ہے۔