Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

دورہ جنوبی افریقہ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین شان مسعود اپنے کیریئر سے مطمئن نہیں ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں شان مسعود نے کہا کہ اب تک جو پرفارم کیا اس سے بہتر ہو سکتا تھا مگر افسوس کہ ایسا نہ ہوا۔ انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم سے باہر ہونے کے بعد مسلسل کرکٹ کھیلی، مہارت اور فٹنس بہتر بنانے کیلئے کام کیا، ڈومیسٹک اور اے ٹیم کے میچز میں شریک ہوا، مسلسل محنت سے کھیل میں جو بہتری آئی اس کی جھلک انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی نظر آنے لگی ہے۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقی بیٹسمین شارٹ گیندوں پر رنز بناتے ہیں، میں نے بھی یہی حکمت عملی اپنائی، اس وجہ سے میزبان بولرز دفاع پر آ گئے اور میں چند اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوا۔ اوپننگ بیٹسمین نے کہا کہ پروٹیاز بولرز کسی کو بھی سیٹ ہونے کا موقع نہیں دیتے، 50 رنز بنانے کے بعد بھی ایسی گیندوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جن پر وکٹ بچانا مشکل ہو اور مجھ سے اسٹروکس کھیلنے میں غلطیاں بھی ہوئیں۔
شان مسعود نے مزید کہا کہ کوشش کروں گا کہ دورہ جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والی بہتر چیزوں کو آگے لے کر چلوں، خامیوں پر قابو پانے کیلئے مزید محنت کروں گا۔ ورلڈکپ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں شرکت ہر کرکٹر کی خواہش اور بہت بڑا اعزاز ہے، امید ہے کہ مجھے موقع ملے گا اور بہتر فارم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کیلئے اچھی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔
#Pakistan