Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

کراچی کنگز کے نوجوان اسپنر عمر خان نے بڑے کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا اپنی عادت بنا لیا ہے۔ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں انھوں نے اے بی ڈویلیئرز سمیت دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ ہوا تو انھوں نے شین واٹسن کو پویلین کی راہ دکھائی اور اب اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں جب کراچی کنگز کو لیوک رونکی کی وکٹ کی ضرورت تھی تو انھوں نے پھر اپنی ٹیم کو مایوس نہیں کیا۔
عمر خان نے پہلے لیوک رونکی کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد حسین طلعت کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عمر خان نے چار اوورز میں 29 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ عمر خان نے پی ایس ایل فور کے چھ میچز کی پانچ اننگز میں اب تک 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ حیران کن طور پر پشاور زلمی کے خلاف میچ میں کپتان عماد وسیم نے ان سے بولنگ ہی نہیں کرائی تھی۔