Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

کرس گیل نے انگلینڈ کے خلاف چھکوں اور چوکوں کی برسات کر کے خود کو "یونیورسل باس" منوا لیا۔ کرس گیل ورلڈکپ کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں اور انگلینڈ کے خلاف سیریز ان کی ویسٹ انڈیز میں آخری ون ڈے سیریز تھی۔ ہوم گراؤنڈ پر اپنی آخری ون ڈے سیریز کو کرس گیل نے بھرپور طریقے سے یادگار بناتے ہوئے ٹیم کو پانچویں ون ڈے میں بھی کامیابی دلائی۔
میچ میں گیل نے صرف 27 گیندوں پر 77 رنز بنائے جس میں 9 فلک شگاف چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچز کی سیریز 2-2 سے برابر ہو گئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ کرس گیل نے پوری سیریز میں 39 چھکے لگا کر ایک سیریز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔
یونیورسل باس نے چار ون ڈے میچز میں بالترتیب 12، 4، 14 اور 9 چھکے لگائے۔ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انہوں نے 424 رنز بنائے جس میں 2 سنچریاں اور 19 گیندوں پر ریکارڈ ساز نصف سنچری بھی شامل ہے۔ اس شاندار پرفارمنس کی بنا پر کرس گیل کو پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔