Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

آئی سی سی نے غیرملکی لیگز کے معاملات درست کرنے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا ہے اور اب بےضابطگیوں میں ملوث لیگز کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ دنیا بھر میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی لیگز پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیگز میں کرپشن کو روکنا آئی سی سی کے لیے بڑا چیلنج ہے، دنیا میں ہونے والی کچھ لیگز کا ڈھانچہ اور مالی معاملات ناقص ہیں اور یہ لیگز زیادہ عرصے نہیں چل سکتیں۔
آئی سی سی نے غیرملکی لیگز پر پالیسی بیان جاری کیا جس میں براہ راست کسی لیگ کا نام لینے سے گریز کیا گیا لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹین لیگ، بنگلہ دیش پریمیر لیگ اور افغانستان پریمیر لیگ کے مالی معاملات ٹھیک نہیں ہیں۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ رکن ملکوں کی درخواست پر مختلف لیگز کے معاملات کو دیکھنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے۔
ورکنگ گروپ غیرملکی لیگز کے قواعدوضوابط بنائے گا اور تمام لیگز کو ان پر عمل کرنا ہو گا ورنہ ان لیگز کا این او سی منسوخ کر دیا جائے گا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ رچرڈسن نے بھارتی میڈیا کے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ آئی سی سی آئی پی ایل پر کریک ڈاؤن کر رہا ہے۔