جنوبی افریقہ کے نوجوان فاسٹ بولر کگیسو رباڈا نے ون ڈے فارمیٹ میں اپنی وکٹوں کی سنچری مکمل کر لی ہے۔ رباڈا نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا جہاں انہوں نے 43 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ کگیسو رباڈا اب تک اپنے ایک روزہ کرکٹ کیریئر میں 64 میچ کھیل کر 102 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے تیزترین 100 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے بولر ہیں جبکہ پہلے نمبر پر عمران طاہر ہیں جنہوں نے 58 میچوں میں 100 وکٹوں کا ہندسہ عبور کیا اور دوسرے نمبر پر مورنی موکل ہیں جنہوں نے 59 میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ واضح رہے کگیسو رباڈا پروٹیاز کی جانب سے 12ویں بولر ہیں جنہوں نے ون ڈے کیریئر میں 100 وکٹیں اپنے نام کی ہوں۔