پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی دعوت دی جو انھوں نے قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ پی سی بی نے آئی سی سی حکام اور دیگر بورڈز کو بھی پی ایس ایل فائنل دیکھنے کا دعوت نامہ بھیجا۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے دعوت نامہ قبول کرتے ہوئے کراچی آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے سیکیورٹی ماہرین بھی کراچی آئیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین ششانک منوہر کو بھی مدعو کیا گیا تھا مگر ذرائع کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے انہوں نے پاکستان آنے سے معذرت کر لی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی نے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کی پاکستان آنے کی تصدیق کی اور کہا کہ آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے نہیں آ سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کئی ملکوں کے سیکیورٹی ماہرین اور بورڈ سربراہان کو یہاں مدعو کیا گیا ہے تاکہ انھیں بہترین انتظامات دکھا کر مطمئن کیا جا سکے۔