پاکستان ٹیم میں آصف علی کا بلا تو خاموش ہے مگر پاکستان سپر لیگ میں آصف علی نے اب تک اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔ آصف علی 9 میچز کی آٹھ اننگز میں 202 رنز بنا چکے ہیں جس میں کئی میچ وننگ اننگز بھی شامل ہیں۔ اپنے ایک پیغام میں آصف علی کا کہنا ہے کہ ابھی ان کے لیے ایونٹ ختم نہیں ہوا اور اسلام آباد کی ٹیم کم بیک کر کے آگے مرحلے تک جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ تمام غیرملکی کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں، امید ہے کہ شائقین میچز کو بھرپور انداز میں انجوائے کریں گے اور لوگ بڑی تعداد میں میچز دیکھنے آئیں گے۔ اسلام آباد کی ٹیم 9 مارچ کو لاہور قلندرز کے خلاف کراچی میں اپنا آخری میچ کھیلے گی۔ شکست کی صورت میں اسلام آباد کی ٹیم پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے سے باہر ہو سکتی ہے۔