پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے چوتھے اور آخری مرحلے کے لیے ٹیموں کی اپنے غیرملکی کھلاڑیوں کے ہمراہ کراچی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ بڑی تعداد میں غیرملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے پر قومی ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام غیرملکی کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں جو پاکستان آ کر کھیل رہے ہیں۔
وقار یونس نے کہا کہ یہ کراچی کے شہریوں کے لیے چیلنج ہے کہ وہ زیادہ تعداد میں نیشنل اسٹیڈیم آئیں اور پوری دنیا کو پیغام پہنچا دیں کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں کے لوگ کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں۔ وقار یونس پی ایس ایل فور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹیم ڈائریکٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔