آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹسمین عثمان خواجہ نے بھارت کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کر لی۔ میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا اور بھارتی بولرز کی جم کر دھلائی کی، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت پر 197 رنز بنائے۔
عثمان خواجہ نے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 104 رنز بنائے۔ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے بھی 97 رنز کی اننگز کھیلی مگر امپائر کے غلط فیصلے کے باعث وہ اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بھی 123 رنز کی شاندار اننگز کھیلی مگر اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔ اپنے ایک روزہ کرکٹ کیرئیر کی پہلی سنچری بنانے والے عثمان خواجہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔