پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ سے قبل اختتامی تقریب 6 بجے سجائی جائے گی۔ اختتامی تقریب کے حوالے سے ابھی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں مگر ذرائع کے مطابق افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے والے فنکار ہی اختتامی تقریب میں شائقین کرکٹ کو لطف اندوز کریں گے۔
پی ایس ایل فور کا نغمہ گانے والے فواد خان، آئمہ بیگ اور پاکستان کے معروف بینڈ جنون اختتامی تقریب کا حصہ ہونگے۔ گزشتہ سال پی ایس ایل تھری کے فائنل سے قبل بھی کراچی میں اختتامی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں پاکستان کے معروف فنکاروں اور گلوکاروں نے پرفارم کیا تھا۔
اختتامی تقریب کے بعد رات 8 بجے فائنل معرکے کا میدان سجے گا اور فاتح ٹیم کا فیصلہ ہونے کے بعد شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔