کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سابق ویسٹ انڈین کپتان سر ویو رچرڈز نے ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان سے وابستہ اپنی پرانی یادیں تازہ کر دیں۔ ویو رچرڈز نے کہا کہ مجھے ہمیشہ سے پاکستان میں بہت پسند کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا میں نے عمران خان کے کرکٹ کیریئر کے دوران پاکستان میں بہت سے یادگار میچز کھیلے اور مجھے یقین ہے اس مرتبہ بھی وہاں جا کر بہت مزہ آئے گا۔
ویو رچرڈز نے کہا کہ ہم پاکستان جا کر یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور وہاں کے لوگ کرکٹ کو بےحد پسند کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مرتبہ ڈوین براوو بھی کراچی میں میرے ساتھ ہونگے اور یقیناً ہم وہاں بہت انجوائے کرنے والے ہیں۔ ڈوین براوو کا کہنا تھا کہ کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بھرپور سپورٹ ملے گی اور میں کراچی جانے کیلئے بہت پرجوش ہوں۔