Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔ لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پہلی ہی گیند پر لیوک رونکی آؤٹ ہو گئے۔ رونکی کے آؤٹ ہونے کے بعد ایسا لگا کہ فخر زمان کا فیصلہ درست ثابت ہو گیا لیکن اس کے بعد کیمرون ڈیلپورٹ نے ایسا لاٹھی چارج کیا کہ لاہور کے بولرز بےبسی کی تصویر بنے رہے۔ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے کیمرون ڈیلپورٹ نے پی ایس ایل کی تاریخ کی تیزترین سنچری اسکور کرتے ہوئے 60 گیندوں پر 117 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 13 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
آصف علی نے بھی لاہور کے بولرز پر اچھی طرح اپنے ہاتھ صاف کیے اور کامران اکمل کا 17 گیندوں پر نصف سنچری کا ریکارڈ برابر کیا۔ وہ 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمینوں کی طوفانی بیٹنگ کی وجہ سے ٹیم کا ٹوٹل 3-238 تک پہنچا جو کہ پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ 239 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے بھی اچھا آغاز کیا لیکن اوپنگ بیٹسمین اینٹن ڈیوسچ کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز ہی بنا سکی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے سہیل اختر 75 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ کپتان فخر زمان نے 38 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے فہیم اشرف نے چار اوورز میں 19 رنز دے کر 6 شکار کیے جو پی ایس ایل کی تاریخ میں دوسری کامیاب ترین بولنگ تھی۔ شاندار سنچری اسکور کرنے پر اسلام آباد کے اوپننگ بیٹسمین کیمرون ڈیلپورٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔