Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

کراچی کنگز نے پی ایس ایل فور کے پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔ عثمان شنواری نے آخری اوور میں کراچی کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایک رن سے میچ جتوایا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم آخری اوور میں پانچ رنز نہ بنا سکی۔ فاتحانہ اوور میں تین وکٹیں لینے والے عثمان شنواری مین آف دی میچ قرار پائے۔ کوئٹہ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کولن منرو اور بابراعظم نے کراچی کنگز کو 69 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ کولن منرو نے 30 رنز بنائے۔
لیام لیونگسٹن 5 اور کولن انگرام 24 رنز بنا سکے۔ بابر اعظم نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ افتخار احمد نے 44 رنزکی دھواں دھار اننگز کھیل کر کراچی کا اسکور 190 تک پہنچایا۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کے شین واٹسن 20، رائلی روسوو 10 اور عمر اکمل 27 رنز بنا سکے۔ احمد شہزاد ایک اینڈ پر ڈٹے رہے اور کوئٹہ کو فتح کی دہلیز پر لے آئے۔ کوئٹہ کو آخری اوور میں جیت کے لیے صرف پانچ رنز درکار تھے۔
عثمان شنواری کے تباہ کن آخری اوور نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ انہوں نے پہلے احمد شہزاد کو 99 پر آؤٹ کیا۔ انور علی اور سرفراز احمد نے بھی عثمان شنواری کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے۔ آخری گیند پر سہیل تنویر بھی تین رنز نہ بنا سکے اور کراچی نے ایک رن سے میدان مار لیا۔ کراچی کی فتح کے ساتھ لاہور قلندرز کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوئی۔