کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی بیٹنگ وکٹ اور چھوٹی باؤنڈریز پر کراچی کنگز کی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں مشکلات کا شکار نظر آ رہی تھی۔ بابر اعظم نے 46 گیندوں پر 56 اور کولن منرو نے 26 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ کولن انگرام اچھی فارم میں نظر آ رہے تھے لیکن وہ 10 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد افتخار احمد نے اننگز کا رخ ہی بدل دیا۔ انھوں نے آتے ہی کوئٹہ کے بولرز کی دھنائی کر دی اور کراچی کنگز کا اسکور 190 تک پہنچا دیا۔ افتخار احمد نے 18 گیندوں پر 44 رنز اسکور کیے جس میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ان کی اس اننگز اور عثمان شنواری کی شاندار بولنگ کی بدولت کراچی نے میچ میں کامیابی حاصل کی۔ افتخار احمد اس سے پہلے بھی لاہور قلندرز کے خلاف 33 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیل چکے ہیں۔