پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کے اسپنر عمر خان کی شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مضبوط ٹیم کے خلاف بھی ان کی گھومتی گیندوں نے بیٹسمینوں کو پریشان کر ڈالا۔ عمر خان نے بیٹنگ وکٹ پر زبردست بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 26 رنز دیے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ انھوں نے میچ میں بڑے بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کی روایت بھی برقرار رکھتے ہوئے شین واٹسن، رائلی روسو اور عمر اکمل کو پویلین کی راہ دکھائی۔
عمر خان پی ایس ایل کے 9 میچز کی 8 اننگز میں اب تک 13 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جس میں تقریباََ تمام بڑے بیٹسمین شامل ہیں۔ میچ سے پہلے جب بڑے بیٹسمین کو آؤٹ کرنے سے متعلق عمر خان سے سوال ہوا تو انھوں نے کہا کہ سب بیٹسمینوں کو ان کی کمزوری اور طاقت کو دیکھتے ہوئے بولنگ کراتا ہوں جس کی وجہ سے کامیابی مل رہی ہے۔ عمر خان نے بتایا کہ وسیم اکرم نے ان کا نام "جائنٹ کِلر" رکھا ہے۔