پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں بھارتی ٹیم نے جو حرکت کی وہ غیرمناسب تھی جس وجہ سے ان کا معیار گرا، کرکٹ کو بطور سیاست استعمال نہیں کرنا چاہیے اور ہم آئندہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پی ایس ایل کے دوران آسٹریلیا، بنگلہ دیش کے سیکیورٹی آفیشلز کراچی آ رہے ہیں۔ احسان مانی نے کہا سیزن فور کے اب تک دو میچز کراچی میں ہوئے اور دونوں میچوں میں منصوبے کے مطابق زبردست طریقے سے سارے کام کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ سے سب کو معلوم ہو جائے گا کہ پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں ہے، زیادہ تعداد میں غیرملکی کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں اور امید ہے کہ اگلے سیزن کے زیادہ میچز پاکستان میں منعقد کیے جائیں گے۔