بھارتی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں اپنے فوجیوں کو سپورٹ کرنے کے لیے آرمی کیپس پہن کر آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیلا۔ سوشل میڈیا پر بھارتی ٹیم کے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور آئی سی سی کی جانب سے بھارتی ٹیم کو اجازت دینے کے فیصلے پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ بھارتی ٹیم کو اس میچ میں آسٹریلیا کے 32 رنز سے شکست کا مزہ چکھنا پڑا تھا۔ اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سیاست کو کھیل کے میدانوں میں لانے کا قائل نہیں ہے اور ہم یہ معاملہ آئی سی سی کے سامنے اٹھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ آئی سی سی نے ماضی میں معین علی کی جانب سے فلسطین کے لیے آواز اٹھانے پر ایکشن لیا تھا۔