ڈیرن سیمی پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے کراچی پہنچے تو سب سے پہلے وہ قائد اعظم کے مزار پر حاضری دینے پہنچے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پشاور زلمی کے ٹیم مالک جاوید آفریدی بھی موجود تھے۔ ڈیرن سیمی نے پاکستان کا جھنڈا تھام کر مزار قائد پر تصاویر بھی بنوائیں اور ٹویٹر پر ایک خوبصورت پیغام لکھا۔
ڈیرن سیمی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی بنیاد رکھنے والے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دے کر میں فخر محسوس کر رہا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ قائد اعظم کی جانب سے دیا گیا اتحاد، ایمان اور تنظیم کا پیغام اس دنیا کو ایک اچھی جگہ بنا سکتا ہے، میں بہت متاثر ہوا ہوں۔
مزار قائد سے واپسی پر ڈیرن سیمی کی ایک ویڈیو بھی بنائی گئی جس میں وہ بتا رہے ہیں کہ مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ میں اپنے گھر میں ہوں۔ ڈیرن سیمی نے گاڑی میں 'دل دل پاکستان' گانا بھی سنا اور بہت پرجوش نظر آئے۔