شاہد آفریدی اور مصباح الحق کے مداحوں کے درمیان سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ہونے والی جنگ سے ہر کوئی واقف ہے۔ دونوں کھلاڑی جب اکٹھے کھیلتے تھے تو ہمیشہ یہ خبریں سامنے آتیں کہ مصباح اور آفریدی کے درمیان اختلافات ہیں لیکن دونوں کرکٹرز نے ہمیشہ ان خبروں کی تردید کی اور اس بات پر زور دیا کہ وہ پاکستان کرکٹ کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
کئی میچز کے دوران تمام لوگوں نے اسکرینز پر دیکھا کہ مصباح اور آفریدی اکٹھے بیٹھے ہیں، ایک دوسرے سے گپ شپ کر رہے ہیں جس پر سازشیوں کو منہ کی کھانی پڑی۔ مصباح اور آفریدی ریٹائر ہوئے تو ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں کرکٹرز کو خصوصی دعوت دے کر شاندار انداز میں الوداع کہا گیا۔
شاہد آفریدی سے ایک انٹرویو میں سوال ہوا کہ اگر آپ کی فلائٹ لمبی ہے تو آپ کس ساتھی کھلاڑی کے ساتھ بیٹھنا نہیں چاہیں گے؟ شاہد آفریدی نے جواب دیا کہ وہ مصباح کے ساتھ بیٹھنا پسند نہیں کریں گے کیونکہ وہ بہت زیادہ باتیں کرتے ہیں۔