ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلش بولرز نے ویسٹ انڈیز کے بیٹسمینوں کا بھرکس نکال دیا۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم صرف 45 رنز پر ڈھیر ہوئی۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ویسٹ انڈین ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 71 رنز بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کے صرف 4 بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے۔ انگلینڈ کے ڈیوڈ ویلی نے 3 اوورز میں 7 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ فاسٹ بولر مارک ووڈ نے بھی تین کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا راستہ دکھایا۔ جواب میں انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 11ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جونی بئیراسٹو 37 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ بھی مکمل کیا۔