پشاور زلمی کے ہاتھوں کراچی کنگز کی یکطرفہ شکست کے بعد پاکستان سپر لیگ کے پلے آف اور ایلیمنیٹر میچز کا فیصلہ ہو گیا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شاندار کارکردگی کے بعد پشاور زلمی نے لیگ میچز کے اختتام کے بعد پہلی پوزیشن پر قبضہ کر لیا۔ ایک مرتبہ کی چیمپئن ٹیم نے 10 میں سے سات کامیابیاں حاصل کیں اور اچھے رن ریٹ کے باعث پشاور کو پہلی پوزیشن ملی۔ پشاور زلمی کی ٹیم پہلے کوالیفائر میچ میں 13 مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ٹکرائے گی۔ جیتنے والی ٹیم فائنل میں جائے گی جبکہ ہارنے والے ٹیم کو ایک اور موقع ملے گا جو 14 مارچ کو شیڈول کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلیمنیٹر میچ کی فاتح ٹیم سے 15 مارچ کو نبردآزما ہو گی۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔