پشاور زلمی کے بیٹسمینوں کے ہاتھوں جہاں کراچی کنگز کے بولرز کی جم کر پٹائی ہوئی وہیں محمد عامر نے اپنی شاندار بولنگ سے پشاور کے بیٹسمینوں کو جکڑے رکھا۔ محمد عامر نے چار اوورز کے کوٹے میں اپنے خلاف 13 گیندوں پر کوئی رن نہیں بننے دیا اور صرف 24 رنز دے کر تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔ انھوں نے امام الحق، لیام ڈوسن اور ڈیرن سیمی کو آؤٹ کیا۔
محمد عامر کی شاندار بولنگ پر پورا اسٹیڈیم عامر، عامر کے نعروں سے گونج اٹھا۔ محمد عامر پی ایس ایل فور کے 8 میچز میں 12 شکار کر چکے ہیں۔
اپنی والدہ کے انتقال کے باعث محمد عامر لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچز نہیں کھیلے تھے۔ کراچی کنگز اب ایلیمنیٹر میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے گی۔ کراچی کی بیٹنگ وکٹ پر اسلام آباد کے بیٹسمینوں کو کنٹرول کرنے میں محمد عامر اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔