افغانستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان لیگ اسپنر راشد خان نے 20 سال کی عمر میں ہی بڑے عظیم کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ راشد خان بیس سال کی عمر میں 200 انٹرنیشنل وکٹیں لینے والے سب سے کم عمر بولر بن گئے اور انہوں نے پاکستان ٹیم کے سابق اسپنر ثقلین مشتاق کے برسوں پرانے ریکارڈ کو توڑ دیا۔
ثقلین مشتاق نے 21 سال اور 13 دن کی عمر میں 200 انٹرنیشنل وکٹیں لیکر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جبکہ راشد خان نے 20 سال 171 دن کی عمر میں یہ اعزاز اپنے نام کر لیا۔
ثقلین مشتاق کے علاوہ وقار یونس اور بھارتی بولر عرفان پٹھان نے بھی 21 سال کی عمر میں ہی اپنی 200 انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کی تھیں۔ ان کے علاوہ آج تک کوئی بولر 22 سال سے کم عمر میں یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب نہیں ہوا۔ راشد خان نے 59 ون ڈے میچوں میں 123، 38 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 75 جبکہ واحد ٹیسٹ میچ کھیل کر دو وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں۔