ملتان سلطانز پی ایس ایل فور کے پلے آف مرحلے میں جگہ نہ بنا سکی اور ٹیم مالک علی ترین نے اگلے سال ہونے والے پی ایس ایل میں نئی اور جاندار حکمت عملی کے ساتھ واپسی کا عندیہ دیا ہے۔ ملتان سلطانز کے آخری میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ترین نے کہا کہ میں اپنی ٹیم کی مجموعی پرفارمنس سے مطمئن ہوں اور اگلی مرتبہ کی تیاری ابھی سے کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ڈرافٹ اور پلیئرز منتخب کرنے کا کام ابھی سے ہی شروع کریں جس کے لیے مختلف جگہوں پر کیمپ لگائیں گے۔ اس کے علاوہ علی خان ترین نے نئے پلیئرز کو ٹیم میں جگہ دینے کی بھی بات کی۔ اپنی ٹیم میں موجود نئے ٹیلنٹ کے بارے میں علی ترین کا کہنا تھا کہ ہمارے تین نئے کھلاڑیوں عمر صدیق، محمد الیاس اور علی شفیق سے دنیا آگاہ نہیں تھی، انہوں نے ہماری ٹیم کے ذریعے اپنا نام بنایا، ہم اس پر بہت خوش ہیں اور ہماری کوشش ہو گی کہ ہر سال ایسے ٹیلنٹ کو سامنے لائیں جو اس پلیٹ فارم سے دنیا میں نام کمائیں۔ علی ترین نے امید ظاہر کی کہ اگلے سال ملتان سلطانز سب کو "اڑا" کر رکھ دے گی۔