لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آخری میچ کے لیے میدان میں اتریں تو دونوں ٹیموں کے درمیان پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کا مقابلہ تھا جس میں ملتان کو کامیابی ملی۔ ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور قلندرز کو مقررہ بیس اوورز میں 140 رنز تک محدود کر دیا۔ فخر زمان نے 36 گیندوں پر 53 رنز بنائے جو ٹیم کے کسی کام نہ آئے۔ ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 13ویں اوور میں حاصل کر کے میچ میں سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ فخر زمان کی پی ایس ایل فور میں کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو انھوں نے 10 میچوں میں 28.50 کی اوسط سے 285 رنز اسکور کیے جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 137.68 رہا۔ فخر زمان نے پی ایس ایل کے رواں سیزن میں 33 چوکے اور 10 چھکے لگائے جبکہ تین نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔