لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کے لیے تمام حربے استعمال کیے لیکن چار سیزن کے بعد بھی ٹیم کو اس سلسلے میں کامیابی نہیں ملی۔ کپتان تبدیل کیے گئے، ٹیم میں مختلف بیٹسمینوں اور بولرز کو موقع دیا گیا، آل راؤنڈرز بھی بدل کر دیکھ لیے لیکن لاہور قلندرز کے لیے نتائج نہ بدلے جس کے بعد اب انھیں کوچ سمیت ساری ٹیم مینجمنٹ بدلنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔
ملتان سلطانز کے خلاف میچ ہارنے کے بعد ٹیم مینجر ثمین رانا پریس کانفرنس کرنے آئے تو ان سے سوال ہوا کہ آپ کو نہیں لگتا کہ اب لاہور قلندرز کا کوچ تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے؟ جواب میں ثمین رانا نے کہا کہ فرنچائز کے لیے جو بہتر ہو گا ہم وہ فیصلہ کریں گے۔ عاقب جاوید پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ لاہور قلندرز کی ناقص کارکردگی کے بعد کون چاہے گا کہ ان کو ٹیم کا کوچ برقرار رکھا جائے۔