کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر احمد شہزاد نے قومی ٹیم کی سلیکشن پالیسی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایس ایل میں پرفارم کرنیوالے کھلاڑیوں کو فوراً قومی ٹیم میں شامل نہیں کرنا چاہیے، ڈومیسٹک میں پرفارم کرنے والے پلیئرز کو بھی موقع ملنا چاہیے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر احمد شہزاد نے کہا کہ میں کم ترین اوورز کی کرکٹ کا مداح نہیں، قومی ٹیم میں کھلاڑیوں کی سلیکشن اس بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے۔ پی ایس ایل میں بیٹسمین نہ ملنے پر مکی آرتھر کی پریشانی پر احمد شہزاد نے کہا کہ مکی آرتھر اتنے سینیئر آدمی ہیں، انھیں پتہ ہونا چاہیے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے اچھے بیٹسمین نہیں مل سکتے، اچھے بیٹسمین ڈومیسٹک کرکٹ سے تلاش کرنا ہوں گے اور انھیں گروم کرنا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ایک سیزن میں پرفارمنس کے بعد پلیئر کو منتخب نہیں کرنا چاہیے بلکہ اس کو پورا ٹائم دے کر اور مضبوط پلیئر بنا کر ہی ٹیم میں لانا چاہیے۔