کراچی ایکسپریس محمد سمیع نے آسٹریلیا کے خلاف اسکواڈ میں اپنا نام نہ آنے پر کہا ہے کہ امید تھی اس بار ٹیم میں جگہ بنا لوں گا مگر ایسا نہ ہو سکا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے کہا کہ اچھی پرفارمنس کے باوجود آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان ٹیم میں جگہ نہ بنا سکنے پر مایوس نہیں ہوں۔
محمد سمیع نے کہا یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ مجھے نظرانداز کیا گیا ہو، اس سے پہلے بھی کئی بار ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی کے باوجود مجھے ہمیشہ نظر انداز کیا گیا۔
انھوں نے اعتراض کیا کہ پی ایس ایل کے دوران آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان سمجھ سے بالاتر ہے، سلیکشن کمیٹی کو پی ایس ایل ختم ہونے کا انتظار کرنا چاہیے تھا اور اس کے بعد ٹیم کا انتخاب کرنا چاہیے تھا۔