نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بنگلہ دیش کے خلاف ویلنگٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز فیلڈنگ کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ انہوں نے تکلیف کے باوجود بیٹنگ کی اور بعد میں ان کے کندھے کا ایم آر آئی اسکین کرایا گیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ولیمسن کو گریڈ ون انجری ہوئی جس وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف آخری ٹیسٹ میں اُن کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ ہفتے سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہو گا۔
نیوزی لینڈ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق کین ولیمسن ٹیم کے ہمراہ رہیں گے۔ ان کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائیگا فٹ نہ ہونے کی صورت میں وِل ینگ ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔ ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دو روز بارش کی نذر ہو گئے تھے اس کے باجود میزبان نیوزی لینڈ نے پانچویں روز بنگلہ دیش کے خلاف اننگز اور 12 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے اگر کین ولیمسن کی انجری زیادہ سنجیدہ ہوئی تو آئی پی ایل سے بھی باہر ہو سکتے ہیں۔