آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلی گئی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز اوپننگ بیٹسمین عثمان خواجہ کے لیے ان کے ون ڈے کیریئر کی سب سے بہترین سیریز ثابت ہوئی۔ عثمان خواجہ نے 5 میچوں میں دو نصف سنچریاں اور اپنے ون ڈے کیریئر کی دونوں سنچریاں بھارت کے خلاف اس سیریز میں ہی اسکور کیں۔
سیریز کے فیصلہ کن میچ میں عثمان خواجہ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 106 گیندوں پر 100 رنز اسکور کیے اور آسٹریلیا کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ عثمان خواجہ نے سیریز میں 76.60 کی اوسط سے سب سے زیادہ 383 رنز اسکور کیے۔
سیریز میں اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت عثمان خواجہ کو مین آف دی سیریز کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ان کے علاوہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دو سنچریوں کے ساتھ 310 رنز اسکور کیے۔