کراچی کنگز کے اسپنر عمر خان پاکستان سپر لیگ میں بیٹسمینوں کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں اور بڑے بڑے بیٹسمینوں کو آؤٹ کر رہے ہیں۔ پاکستان ٹیم کے سابق لیجنڈری اسپنر سعید اجمل نے بھی ان کی تعریف کی ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ عمر خان نے پاکستان سپر لیگ میں شاندار بولنگ کی ہے اور بڑے بیٹسمینوں کو آؤٹ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمر خان نے اسی طرح اپنی محنت جاری رکھی تو کوئی شک نہیں کہ وہ مستقبل میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ عمر خان اب تک دس میچز کی 9 اننگز میں 13 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ سعید اجمل کا کہنا تھا کے لمبے فارمیٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں اچھے اسپنرز کا ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیمیں اسپنرز کو اچھا نہیں کھیلتیں۔