انگلینڈ کے اوپننگ بیٹسمین ایلکس ہیلز پاکستان سپر لیگ کے راؤنڈ میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں تھے لیکن پلے آف مرحلے کا آغاز ہونے سے پہلے وہ 20 گھنٹے کی فلائٹ لے کر ویسٹ انڈیز سے سیدھا پاکستان پہنچے۔ انگلش بیٹسمین نے کراچی کنگز کے خلاف ایلمنیٹر میچ کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار کیا۔ کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد کو جیت کے لیے 162 رنز کا ہدف دیا۔ 19 رنز کے مجموعی اسکور پر لیوک رونکی آؤٹ ہوئے تو ایلکس ہیلز میدان میں اترے اور کیمرون ڈیلپورٹ کے ساتھ مل کر 44 رنز کی شراکت قائم کی۔ ڈیلپورٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد ایلکس ہیلز وکٹ پر جمے رہے اور ٹیم کا اسکور آہستہ آہستہ لے کر آگے چلے لیکن 114 رنز کے مجموعی اسکور وہ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس محتاط اننگز کی بدولت انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔