پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے بیٹسمین مصباح الحق بھی پی ایس ایل سے پاکستان ٹیم کی سلیکشن پر بول پڑے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ہر کرکٹ کی اپنی جگہ اہمیت ہے، ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل دونوں سے ہی سلیکشن ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کھلاڑی کو پہچان ملتی ہے اور یہاں پرفارم کرنا ایسا ہی ہے جیسے آپ انٹرنیشنل کرکٹ میں پرفارم کر رہے ہوں۔ سابق کپتان نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی موقع دینا چاہیے۔ پی ایس ایل کی فیورٹ ٹیموں کی بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ کسی ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا، ہر ٹیم کے پاس میچ ونر کھلاڑی موجود ہیں۔ کوئٹہ کے ہاتھوں پشاور زلمی کی شکست پر انھوں نے کہا کہ ابتداء میں بری پرفارمنس کے باوجود پولارڈ اور سیمی میچ کو آخری اوور تک لے گئے لیکن قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔