پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس کا کہنا ہے کہ انہیں نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین میں اپنی جھلک نظر آتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ محمد حسنین کو بولنگ کرتا دیکھ کر انہیں اپنا دور یاد آ جاتا ہے جب وہ بھی اسی جوش کے ساتھ میدان میں آتے تھے اور حسنین کی طرح تیز بولنگ کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا شعیب اختر کے علاوہ میں نے اب تک جتنے بھی 150 کلومیٹر کی رفتار سے بولنگ کرنے والے بولرز دیکھیں ہیں کچھ عرصہ بعد ان کی رفتار کم ہو جاتی ہے، اپنی اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے حسنین کو خود پر بہت محنت کرنا ہو گی۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن بھی محمد حسنین کو مستقبل کا خطرناک بولر قرار دے چکے ہیں۔