نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں فائرنگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 40 سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ ایک مسجد میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی پہنچے تھے جو بال بال بچ گئے۔ بنگلہ دیشی کرکٹر مشفق الرحیم نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ کرائسٹ چرچ کی مسجد میں فائرنگ ہوئی لیکن اللہ نے ہمیں محفوظ رکھا، ہم بہت زیادہ خوش نصیب ہیں، دوبارہ اس طرح کا واقعہ نہیں دیکھنا چاہتے، ہمارے لیے دعا کریں۔
بنگلہ دیش کے اوپننگ بیٹسمین تمیم اقبال نے بھی ٹویٹ کی اور بتایا کہ پوری ٹیم حملے میں محفوظ ہے، دعاؤں میں ہمیں یاد رکھیں۔ دہشتگردی کے اس واقعے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا آخری ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیا گیا۔ آئی سی سی نے بھی ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کے فیصلے کی حمایت کی۔ واقعے پر پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی شہید ہونے والوں کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ شکر ہے بنگلہ دیشی ٹیم واقعے میں محفوظ رہی۔