ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کی پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے سلسلے میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پاکستانیوں نے بھی انھیں اتنا پیار دیا کہ وہ پاکستان کی محبت میں گرفتار ہو چکے ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ وہ سارا سال فروری کے مہینے کا انتظار کرتے ہیں کیونکہ پی ایس ایل میں شاندار کرکٹ کھیلنے کو ملتی ہے۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے بہت پیار دیا، اتنی بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم میں آئے اور تمام ٹیموں کا حوصلہ بڑھایا۔ انھیں جب بتایا گیا کہ پاکستان میں آپ کو 'ڈیرن سیمی خان' کا نام دیا گیا ہے تو سیمی نے کہا کہ بہت نام مل چکے ہیں لیکن میری ماں نے میرا نام 'ڈیرن سیمی' رکھا ہے اور کوئی نام لینے سے پہلے مجھے میری ماں کی اجازت لینی پڑے گی۔