کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویو رچرڈز اپنی ٹیم کی جیت پر بہت خوش دکھائی دیئے۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ویو رچرڈز نے کہا کہ آج کے دن کے لیے ہی ہم محنت کر رہے تھے، میں پوری ٹیم، فرنچائز مالک ندیم عمر اور پورے اسٹاف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم ایک فیملی کی طرح ہیں اور ایسے ہی رہیں گے۔ انھوں نے پاکستان کی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھے پاکستان آ کر ہمیشہ سے ہی خوشی ملتی ہے، یہاں کے لوگ مجھے کافی پسند بھی کرتے ہیں اور میں سب کا شکرگزار ہوں۔ اس موقع پر ویور رچرڈز نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان میرے اچھے دوست ہیں۔ پاکستان کے ٹیلنٹ کے بارے میں کوئٹہ کے مینٹور کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بڑے بڑے فاسٹ بولر ملے ہیں جس سے ملک کا فائدہ ہوتا ہے۔