کراچی کنگز کی ٹیم گزشتہ چار برسوں سے پی ایس ایل میں مشکلات کا شکار ہے اور سب سے بڑے شہر کی ٹیم آج تک پلے آف میچز سے آگے نہیں جا سکی۔ شعیب ملک، روی بوپارہ اور عماد وسیم بھی کراچی کنگز کی کپتانی کر چکے ہیں تاہم اپنی ٹیم کو فائنل تک نہ پہنچا سکے۔ سوشل میڈیا پر شائقین کراچی سے تعلق رکھنے والے سرفراز احمد سے شکوہ کرتے بھی نظر آئے اور انھیں کراچی کی قیادت سنبھالنے کا مشورہ دیا۔
پریس کانفرنس میں جب سرفراز احمد سے اس حوالے سے سوال ہوا تو انھوں نے کہا کہ کراچی سے پہلے پیشکش تو آئے۔ اس سے پہلے بھی سرفراز احمد سے کراچی کی ٹیم میں شامل ہونے سے متعلق سوالات ہوئے جس پر انھوں نے مزاقاََ کہا کہ کراچی والے مجھے ٹیم میں کھیلاتے ہی نہیں ہیں۔ سرفراز احمد گزشتہ چار سال سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان ہیں اور دو فائنل کھیلنے کے بعد وہ تیسرے فائنل میں ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔