کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد نے اپنی ٹیم کے مالک ندیم عمر کا فیصلہ درست ثابت کر دیا۔ احمد شہزاد کو ان کی ناقص کارکردگی کے باعث پی ایس ایل فور ڈرافٹ میں کوئی خریدار نہیں مل رہا تھا اور پھر ندیم عمر کی مشاورت سے کوئٹہ نے انہیں سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا تھا۔ انہیں اسکواڈ میں شامل کرنے کے بعد ندیم عمر نے کہا تھا کہ احمد شہزاد ایک باصلاحیت بیٹسمین ہے اور میں انہیں ایک موقع دینا چاہتا ہوں۔
ایونٹ کے ابتدائی دو میچوں میں احمد شہزاد ناکام رہے جس کے بعد انہیں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔ چار میچوں میں ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد احمد شہزاد نے زبردست واپسی کی۔ اوپننگ بیٹسمین نے 8 میچوں میں 52 کی اوسط سے 311 رنز بنائے جس میں ان کی 4 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ خاص طور پر انہوں نے پلے آف میچز میں شاندار کارکردگی دکھائی جبکہ فائنل میں انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔