پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے بعد یہ مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے کہ ویمنز کے لیے بھی پی ایس ایل طرز کی لیگ کا انعقاد کیا جانا چاہیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان نے پریس کانفرنس میں اس سوال کا جواب دیا۔ وسیم خان نے کہا کہ ہمارے ذہن میں ہے کہ ہم ویمنز کے لیے بھی پی ایس ایل جیسا ایونٹ کرائیں لیکن اس کے لیے پہلے ہمیں اندرونی طور پر سب سے بات کرنی ہو گی اور ہمارا فوکس ویمنز سپر لیگ پر بھی ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ابھی اتنی تعداد میں خواتین کرکٹ پلیئرز نہیں ہیں کہ اتنا بڑا ایونٹ منعقد کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا ابھی 50 کے قریب لڑکیاں ہیں جو ٹاپ لیول پر کرکٹ کھیل رہیں ہیں، اس کے لیے پہلے ہمیں کرکٹ کو اسکول اور کالج لیول تک لے کر جانا ہے اور پاکستان میں ویمن کرکٹ کا معیار بلند کرنا ہے۔