پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کے مطابق پاکستان میں پی ایس ایل ہر لحاظ سے کامیاب رہی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کراچی میں منعقد کیے گئے آٹھ میچز کو تقریبا دو لاکھ شائقین کرکٹ گراؤنڈ میں دیکھنے آئے اور آٹھ کے آٹھ میچوں میں تقریباََ 'ہاؤس فُل' رہا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کھیلوں سے محبت کرنے والا پرامن ملک ہے۔
احسان مانی نے کہا کہ گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کے علاوہ ٹی وی، انٹرنیٹ اور دیگر ذرائع سے 15 کروڑ لوگوں نے پی ایس ایل کے میچز دیکھے جو اس ایونٹ کے کامیاب ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرنے پر کراچی کی عوام اور متعلقہ حکام کا بھی شکریہ ادا کیا۔