پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلنے والے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد نے پی ایس ایل میں اپنے ایک ہزار رنز مکمل کر لیے۔ پی ایس ایل میں یہ کارنامہ انجام دینے والے احمد شہزاد چوتھے بیٹسمین ہیں۔ انھوں نے پاکستان سپر لیگ میں کل 38 میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 32.59 کی اوسط سے 1,016 رنز اسکور کیے ہیں جہاں ان کا اسٹرئیک ریٹ 121.96 کا رہا ہے۔ پی ایس ایل میں سب سے پہلے ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے بیٹسمین پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل تھے جبکہ وہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی ہیں۔ ان کے علاوہ شین واٹسن اور بابر اعظم بھی پی ایس ایل میں اپنے ایک ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں۔ پی ایس ایل فور میں احمد شہزاد کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے بڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اوپننگ بیٹسمین نے پی ایس ایل فور کے 8 میچوں میں 51.83 کی اوسط سے 311 رنز اسکور کیے تھے۔