قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں آرام کے فیصلے کو خود کے لیے سودمند قرار دے دیا۔ اپنے ایک انٹرویو میں حسن علی نے کہا کہ ہم کرکٹرز بھی انسان ہیں مشین نہیں، ہمارے لیے بھی آرام ضروری ہے، اسی لیے مینجمنٹ نے متحدہ عراب امارات نہیں بھیجا۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ ہم تینوں فارمیٹ کھیلتے آ رہے تھے اس لیے مینجمنٹ کپتان اور کوچ نے ہمیں آرام دینے کا فیصلہ کیا تاکہ ورلڈکپ کے لیے تازہ دم ہو سکیں۔ انھوں نے اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کو زبردست تجربہ قرار دیا اور کہا کہ یو اے ای میں صرف ہفتے کے آخری دنوں پر کراؤڈ گراؤنڈ میں آتا ہے مگر پاکستان میں تمام ہی میچز میں زبردست کراؤڈ رہا اور کھیلنے کا خوب مزہ آیا۔ پی ایس ایل فور میں حسن علی 25 وکٹوں کے ساتھ نمبرون بولر رہے تھے۔