ٹی ٹین لیگ کا تیسرا ایڈیشن اس سال 23 اکتوبر سے ابوظہبی میں شروع ہو گا۔ ابوظہبی اسپورٹس کونسل اور ٹی ٹین لیگ انتظامیہ کے درمیان پانچ سالہ معاہدہ ہو گیا جس کے مطابق 2023 تک ٹی ٹین لیگ کے میچز ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ اس سے پہلے دو ایڈیشن کے میچز شارجہ میں منعقد ہوئے تھے۔
ٹی ٹین لیگ کے چیئرمین شجیع الملک کا کہنا ہے کہ ابوظہبی میں میچز کرانے سے ٹی ٹین لیگ کو مزید فائدہ ہو گا اور امید ہے کہ شارجہ سے زیادہ کراؤڈ ابوظہبی میں نظر آئے گا۔ اس معاہدے کے موقع پر کچھ نامور کھلاڑیوں نے بھی اپنے بیانات جاری کیے۔
کولن انگرام نے کہا کہ انھیں ایک مرتبہ پھر ٹی ٹین لیگ کا حصہ بننے پر خوشی ہے جبکہ شین واٹسن کا کہنا تھا کہ انھیں بھی ٹی ٹین لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا انتظار ہے۔ ٹی ٹین لیگ کا تیسرا ایڈیشن 23 اکتوبر سے شروع ہو کر 3 نومبر تک جاری رہے گا۔