افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان نے کہا ہے کہ رواں برس انگلینڈ میں شیڈول ورلڈکپ میں ہمیں کسی سے کوئی خوف نہیں ہو گا۔ محدود اوورز کی کرکٹ میں نمایاں مقام رکھنے والے افغان اسپنر راشد خان نے کہا کہ ہماری کارکردگی سب کے سامنے ہے، ہم نے ایشیا کپ میں زبردست پرفارمنس دیتے ہوئے ثابت کیا کہ ہم کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ جیتنے سے یقینی طور پر ہماری ٹیم کی ساکھ مزید بہتر ہو گی، ہمیں خود پر اعتماد برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ راشد خان نے مزید کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ اور صلاحیتوں کی کمی نہیں۔ لیگ اسپنر نے کہا کہ بولنگ کراتے ہوئے خود پر دباؤ نہیں لیتا خواہ کوئی بھی بیٹسمین سامنے ہو۔